مینگلور 8/ فروری (ایس او نیوز) پڑوسی سرحدی علاقہ کاسرگوڈ نیشنل ہائی وے پر شیریا کے پاس پیش آئے حادثہ میں ایک کار کو ٹکر مارنے کے بعد لاری فرار ہوگئی جس کے نتیجے میں کار میں موجود سید علی ابراہیم (64 سال) جاں بحق ہوگئے جبکہ کار ڈرائیو کررہے قادر(54 سال)، سید علی کی بہو عائشہ طاہرا، اس کی بیٹی ندا سعدیہ اوربیٹا شہاب الدین زخمی ہوگئے ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب سید علی کے گھر والے کار میں سوار ہوکر پاسپورٹ حاصل کرنے کی کارروائی کے لئے پاینور کی طرف جارہے تھے جس کے دوران ایک تیز رفتار لاری کار کو ٹکر مارنے کے بعد اسے دو سو میٹر تک گھسیٹ کر لے گئی، پھر موقع پر سے فرار ہوگئی۔ معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے حادثہ میں ملوث لاری کو کاسرگوڈ میں ڈھونڈ نکالنے کے بعد اسے اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔